پاکستان سپر لیگ کے دسویں سیزن سے پہلے پشاور زلمی اور ملک کی ایک مشہور فوڈ چین کے درمیان ایک سالہ اسپانسرشپ معاہدہ طے پایا ہے۔ یہ تقریب لاہور کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں منعقد ہوئی جہاں پشاور زلمی کے صدر اور سابق قومی کپتان انضمام الحق کے ساتھ ساتھ شوبز اور کرکٹ کی کئی نامور شخصیات نے شرکت کی۔
اس معاہدے کے دوران انضمام الحق نے پشاور زلمی کی نمائندگی کی جبکہ فوڈ چین کی جانب سے عمران اعجاز نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ یہ معاہدہ ایک سال کے لیے ہے لیکن اسے پانچ سال تک بڑھانے کا بھی امکان موجود ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ یہ شراکت داری نہ صرف کرکٹ کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگی بلکہ دونوں برانڈز کے لیے بھی فائدہ مند رہے گی۔ انہوں نے ملکی کرکٹ کی موجودہ مشکلات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ اگر ہم اپنی غلطیوں سے سبق نہ سیکھیں تو ہماری کرکٹ مزید زوال پذیر ہو سکتی ہے۔