صائم ایوب انجری سے صحتیاب، پی ایس ایل 10 میں ایکشن کے لیے تیار

کراچی: پاکستانی اوپننگ بیٹر صائم ایوب فٹنس مسائل سے نجات پا کر دوبارہ میدان میں اترنے کو تیار ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیکل پینل نے انہیں مکمل فٹ قرار دیتے ہوئے پی ایس ایل میں شرکت کی اجازت دے دی ہے۔

صائم ایوب اور وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث آج پشاور زلمی اسکواڈ کا حصہ بن جائیں گے۔ ٹیم کے بیشتر کھلاڑی پہلے ہی رپورٹ کر چکے ہیں اور اسلام آباد کلب میں ابتدائی پریکٹس سیشن کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

یاد رہے، صائم ایوب ٹخنے کی انجری کے باعث کچھ عرصے سے قومی ٹیم سے باہر تھے۔ انہوں نے لندن میں اپنا بحالی پروگرام مکمل کرنے کے بعد عید کراچی میں اپنے خاندان کے ساتھ منائی۔

دوسری جانب، پاکستان کرکٹ بورڈ کی وضاحت کے مطابق محسن نقوی نے چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ نہیں دیا۔

پاکستان سپر لیگ کا دسویں ایڈیشن 11 اپریل سے شروع ہو کر 18 مئی تک جاری رہے گا، جس کے میچز کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔