آئی پی ایل میں ممکنہ میچ فکسنگ کے خدشات، بی سی سی آئی کا سخت الرٹ جاری

نئی دہلی (اسپورٹس ڈیسک) بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں ممکنہ میچ فکسنگ اور کرپٹ سرگرمیوں کے شبہ پر کھلاڑیوں، آفیشلز اور دیگر متعلقہ افراد کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بی سی سی آئی کی اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی یونٹ نے ایک تفصیلی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ایک مشتبہ کاروباری شخصیت، جس کا تعلق حیدرآباد سے ہے، لیگ میں شامل افراد کے قریب آنے کی کوشش کر رہی ہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مذکورہ شخص کے بکیز کے ساتھ روابط ہیں اور وہ سابقہ کرپٹ سرگرمیوں میں ملوث رہ چکا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ شخص کھلاڑیوں کو قیمتی تحائف، جیولری اور نجی تقریبات کے ذریعے اپنے اثر میں لینے کی کوشش کر رہا ہے۔ مشکوک شخصیت کو مختلف ٹیم ہوٹلز اور میچز کے دوران دیکھا گیا، جس پر بی سی سی آئی نے تمام ٹیموں، کوچز، کمنٹیٹرز اور آفیشلز کو خبردار کرتے ہوئے سخت نگرانی کا حکم جاری کر دیا ہے۔

اینٹی کرپشن یونٹ نے واضح کیا ہے کہ ایسے افراد کے ساتھ کسی قسم کا تعلق فوری طور پر رپورٹ کیا جائے تاکہ آئی پی ایل کی ساکھ متاثر نہ ہو۔