جوز بٹلر کا استعفیٰ: ہیری بروک انگلینڈ کے نئے وائٹ بال کپتان مقرر

لندن: انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے نوجوان بلے باز ہیری بروک کو انگلینڈ کی ون ڈے اور ٹی 20 ٹیموں کا نیا کپتان مقرر کر دیا ہے۔ بروک کو یہ ذمہ داری جوز بٹلر کی جگہ سونپی گئی ہے، جنہوں نے حالیہ چیمپئنز ٹرافی میں ناقص کارکردگی کے بعد قیادت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

کپتان بننے پر اپنے ردِعمل میں ہیری بروک نے کہا کہ انگلینڈ کی وائٹ بال ٹیم کی قیادت میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے اپنے اہلِ خانہ اور کوچز کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کی حمایت اور اعتماد کے بغیر وہ اس مقام تک نہ پہنچ پاتے۔

یاد رہے کہ ہیری بروک نے جنوری 2022 میں انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا۔ اب تک وہ 26 ون ڈے اور 44 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں، جن میں انہوں نے مجموعی طور پر 1614 رنز بنائے ہیں، ایک سنچری اور 9 نصف سنچریاں بھی ان کے ریکارڈ کا حصہ ہیں۔