اداکارہ لائبہ خان نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی، کیریئر اور محبت سے متعلق کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ شوبز کی دنیا میں کامیابی کے لیے محض شہرت یا دولت کا ہونا کافی نہیں، بلکہ خود کو سنجیدگی سے لینا بھی ضروری ہے۔ لائبہ خان نے کہا کہ وہ اداکار جو اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کے بیچ توازن برقرار رکھتے ہیں، وہ ذہنی سکون اور کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔
محبت کے بارے میں بات کرتے ہوئے، لائبہ نے کہا کہ ابتدا میں انہیں لگتا تھا کہ محبت ایک خواب کی مانند ہوتی ہے، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ یہ احساس ہوا کہ محبت کرنا آسان ہے، مگر اسے نبھانا ایک بہت مشکل کام ہے۔ اس کے لیے قربانی، صبر اور ایک بڑے دل کی ضرورت ہوتی ہے۔
ان کے نزدیک ظاہری شکل وصورت سے زیادہ عزت دینے کی صلاحیت اہمیت رکھتی ہے کیونکہ وقت کے ساتھ ساتھ محبت تو کم ہوسکتی ہے لیکن یہ عزت ہی ہے جو کسی رشتے کو مضبوط بناتی ہے۔
لائبہ خان اپنی والدہ کے مقام کو سب سے زیادہ مقدم رکھتی ہیں۔ اداکارہ نے اپنی والدہ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ جو کچھ بھی ہیں، اس کا کریڈٹ اپنی ماں کی دعاؤں اور تربیت کو دیتی ہیں۔
ان کے مطابق، اگرکوئی مردان سے محبت کا دعویدار ہو لیکن وہ ان کی والدہ کی عزت نہ کرے، تو وہ ایسی محبت کو قبول نہیں کر سکتیں۔ان کے لیے کسی مرد کا ان کی والدہ کی عزت کرنا ہی سب سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔
شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے، لائبہ خان نے ہنستے ہوئے کہا کہ ”جتنا بول رہی ہوں، شادی نہیں ہو رہی۔ اب تو سوچ رہی ہوں کہ شادی کے بارے میں بات کرنا ہی چھوڑ دوں!“
لائبہ خان نے اپنے بچپن کے بارے میں بھی بات کی، جس میں انہوں نے کہا کہ وہ بچپن میں بہت شرمیلی اور کم گو تھیں، اور کسی لڑکی سے بات کرنے کا اعتماد بھی نہیں تھا، لیکن وقت کے ساتھ ساتھ انہوں نے خود کو سنبھال لیا اور اب وہ ایک مضبوط اور خود مختار شخصیت بن چکی ہیں۔