انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کا لندن منتقلی کا سبب سامنے آ گیا

بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ انوشکا شرما اور کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی کے لندن منتقل ہونے کی اصل وجہ سامنے آ گئی ہے۔ اداکارہ مادھوری ڈکشٹ کے شوہر، ڈاکٹر سری رام نینے نے اپنے پوڈکاسٹ میں انوشکا سے ہونے والی ذاتی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ جوڑا بھارت میں اپنی شہرت اور مسلسل عوامی توجہ سے تنگ آ کر نجی اور عام زندگی کی تلاش میں لندن منتقل ہوا ہے۔

ڈاکٹر نینے کے مطابق، ویرات اور انوشکا چاہتے تھے کہ ان کے بچے ایسی جگہ پروان چڑھیں جہاں ان کی زندگی ہر وقت کیمروں کے فلیش اور مداحوں کے ہجوم سے محفوظ ہو۔ بھارت میں یہ ممکن نہ تھا، جہاں معمولی سرگرمیوں جیسے کہ پارک میں سیر یا کھانے کے لیے باہر جانا بھی ایک چیلنج بن جاتا تھا۔

یاد رہے کہ یہ جوڑا 2013 میں ایک کمرشل شوٹ کے دوران ملا اور 2017 میں شادی کے بندھن میں بندھ گیا۔ ان کی بیٹی وامیکا 2021 اور بیٹا اکائے 2024 میں پیدا ہوئے۔ فی الحال، ویرات کوہلی آئی پی ایل 2024 میں رائل چیلنجرز بینگلور کی نمائندگی کر رہے ہیں اور 9 میچوں میں 392 رنز کے ساتھ پانچ نصف سنچریاں بنا چکے ہیں، تاہم اب وہ اپنی فیملی کے ساتھ ایک پرسکون زندگی کے خواہاں ہیں۔