عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی جانب سے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو تقریباً 70کروڑ ڈالر ملنے کا امکان ہے۔
آئی ایم ایف حکام کے مطابق ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 9 مئی کو ہوگا جس میں پاکستان کو قرض پروگرام کی اگلی قسط جاری کرنےکے لیے مشن کی سفارشات کاجائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایگزیکٹو بورڈ کی طرف سے سفارشات کی منظوری کی صورت میں اگلی قسط کی رقم 12 مئی تک پاکستان کو مل جائے گی۔
آئی ایم ایف حکام کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کےاثرات سے نمٹنے کے لیے رقم کی پہلی قسط جاری کرنے کی منظوری بھی اجلاس میں زیر بحث آئے گی۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر موسمیاتی تبدیلی سےنمٹنے کے لیے رقم کی منظوری ہوئی تو پاکستان کو تقریباً 70کروڑ ڈالر ملنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کا دورہ کرنے والے وفد نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان کو اگلی قسط کے تحت 1.1ارب ڈالر فراہم کرنے کی سفارش کر رکھی ہے۔