بھارتی شہر کٹھیار سے تعلق رکھنے والے 2طالب علموں کے اکاؤنٹ میں اچانک خطیر رقم آگئی جس نے گاؤں بھر کے افراد کو حیران کردیا۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ کٹھیار میں اپنی نوعیت کا مختلف واقعہ اس وقت پیش آیا جب چھٹی جماعت کے 2 طالب علموں گروچرن وشواس اور اشیش کمار کے اکاؤنٹ میں اچانک ایک روز 900 کروڑ سے زائد بھارتی روپے جمع کرادیے گئے۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب دونوں طالب علموں نے ریاستی حکومت کی جانب سے ملنے والی یونیفارم رقم کی معلومات حاصل کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے سینٹرالائزڈ پراسیسنگ سینٹر کا دورہ کیا۔
اپنے اکاؤنٹس میں آئی غیر معمولی رقم دیکھ کر دونوں طالبعلم دنگ رہ گئے۔
رپورٹ کے مطابق، اشیش کمار کے اکاؤنٹ میں 62 کروڑ جبکہ گروچرن وشواس کے اکاؤنٹ میں905 کروڑ بھارتی روپے منتقل کیے گئے ۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کٹیہار کی جانب سے بھی دونوں طالب علموں کے اکاؤنٹ میں آئی خطیر رقم کے حوالے سے تصدیق کی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کا کہنا ہے کہ خطیر رقم کی منتقلی کے حوالے سے بینک کے اعلیٰ عہدیداروں کو مطلع کردیا گیا ہے ، معاملہ ہمارے علم میں آتے ہی بینک اکاؤنٹ منجمد کرکے رقم کی منتقلی روک دی گئی تھی۔
رقم کی منتقلی کے حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے تاکہ پتہ لگایا جاسکے کہ اکاؤنٹ میں اتنی رقم کہاں سے ٹرانسفر کروائی گئی۔