شہر قائد کی کنزیومر پروٹیکشن کورٹ نے کولڈ ڈرنک میں مکھی کا الزام ثابت نہ ہونے پر شہری پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا،عدالت نے درخواست گزار شہری نعیم خان پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے پر درخواست گزار 15 ہزار روپے جرمانہ ادا کرے اور کولڈ ڈرنک کے پلانٹ منیجر کو بھی 5 ہزار روپے ادا کرے۔ کنزیومر پروٹیکشن کورٹ نے کہا کہ درخواست گزار نے غلط، جھوٹی اور بے بنیاد درخواست دائر کی، درخواست گزار شہری الزام ثابت کرنے میں ناکام رہا۔ درخواست گزار نے درخواست میں موقف اپنایا تھا کہ گزشتہ رمضان 6 اپریل کو حلیم کی ایک دکان سے کولڈ ڈرنکس خریدیں، گھر جا کر اہلخانہ کے سامنے کولڈ ڈرنک نکالی تو ایک میں مکھی تھی۔ درخواست میں کہا گیا کہ بوتل کھولے بغیر دکان دار کے پاس لے گیا مگر دکان دار نے میری ایک نہیں سنی، کمپنی سے کولڈ ڈرنک کی اصل رقم اور 10 لاکھ روپے جرمانہ دلوایا جائے۔ کمپنی پلانٹ مینجر نے عدالت میں تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے درخواست کو بلیک میلنگ قرار دیا تھا۔