ایسا ریسٹورنٹ جہاں کھانے سے پہلے تھپڑ کھانے کو ملتا ہے

جہاں دنیا بھر کے ریسٹورینٹس صارفین کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے نت نئے آئیڈیاز متعارف کروا رہے ہیں وہیں جاپان میں ایک ہوٹل نے لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرنے کے لیے ایک عجیب و غریب عمل اپنایا۔

جاپان کے شہر نگویا میں شاچی ہوکویا ازاکایا نامی بار میں آنے والے گاہکوں کو کھانے پینے کی اشیا فراہم کرنے سے قبل ریسٹورینٹ کی خواتین اسٹاف گاہک کے چہرے پر تھپڑ رسید کرتی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس عجیب و غریب اور متنازع سروس کی وجہ سے اس بار کے کاروبار میں کافی اضافہ ہوا ہے اور یہاں آنے والوں میں بیشتر اس تکلیف دہ تجربے کو آزمانے کے خواہشمند ہوتے ہیں۔

شروع شروع میں تو یہ سروس شاچی ہوکویا ازاکایا بار کی صرف ایک خاتون اسٹاف ممبر گاہک کی فرمائش پر فراہم کرتی تھی لیکن اس کی ڈیمانڈ بڑھنے پر مینجمنٹ نے تھپڑ مارنے والی متعدد لڑکیوں کی خدمات حاصل کرلیں۔

یہاں تک کہ ایک تھپڑ کے 300 ین وصول کیے جانے لگے، جب کہ اپنی پسند کی ویٹرس سے تھپڑ کھانے کے لیے گاہک 500 ین دیتا تھا۔

یہ سروس جاپانی مرد و خواتین سمیت متجسس غیر ملکی سیاحوں میں بھی کافی مقبول ہوئی۔

مذکورہ میڈیا ادارے کے مطابق جتنی زور سے تھپڑ اتنا ہی زیادہ گاہک خوش ہوتا ہے بلکہ ریلیکس محسوس کرکے خاتون سے اظہار تشکر بھی کرتے ہیں۔

تاہم عجیب و غریب اور متنازع سروس کی کچھ ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد اب ریسٹورینٹ نے یہ سروس بند کردی ہے، ایکس پر ایک پوسٹ میں ریسٹورینٹ نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ تھپڑ مارنے کی توقع کرکے نہ آئیں۔