امریکا میں ایک انتہائی نایاب سفید مگر مچھ کی پیدائش ہوئی ہے، جس پر انتظامیہ کی جانب سے باقاعدہ اعلان میں کہا گیا ہے کہ یہ انتہائی غیر معمولی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں گیٹرلینڈ اورلینڈو کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ باضابطہ کیے گئے اعلان میں بتایا گیا ہے کہ پیدا ہونے والا سفید مگر مچھ نایاب سے بھی بالاتر اور انتہائی غیر معمولی ہونے کے ساتھ اپنی نوعیت کا دنیا کا پہلا مگر مچھ ہے۔
انتظامیہ کے مطابق صرف 7 لیوسیٹک مگرمچھ دنیا میں زندہ رہنے کے لیے جانے جاتے ہیں، اور ان میں سے 3 گیٹرلینڈ میں رکھے گئے ہیں تاہم سب کی جِلد پر کچھ نہ کچھ دھبے ہیں جب کہ یہ مکمل سفید مگرمچھ پہلی بار پیدا ہوا ہے۔
مگرمچھوں میں لیوسیزم ایک غیر معمولی جینیاتی حالت ہے، جو سفید رنگت کا باعث بنتی ہے تاہم ان کی جلد پر عام طور پر مخصوص رنگ کے دھبے ہوتے ہیں، جن کے بغیر وہ زیادہ دیر تک براہ راست سورج کی روشنی میں نہیں رہ سکتے کیونکہ وہ آسانی سے دھوپ میں جل سکتے ہیں۔