آئیکون آف دی سیز: دنیا کا سب سے بڑا کروز شپ پہلے سفر پر روانہ، جہاز میں 7600 مسافروں اور عملے کے 2350 افراد کی گنجائش، پہلا سفر سات دن کا ہوگا

تفریحی سفر کے لیے بنایا گیا دنیا کا سب سے بڑا جہاز ”آئیکون آف دی سیز“ پہلے سفر پر روانہ ہوگیا ہے۔ ماحول کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے کام کرنے والے گروپوں اور شخصیات کا کہنا ہے کہ یہ جہاز مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کے ذریعے چلے گا۔ اس کے نتیجے میں میتھین گیس کے اخراج سے ماحول کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

رائل کیریبین نامی کمپنی کے تحت تیار کیے گئے اس جہاز میں 7600 مسافروں اور عملے کے 2350 افراد کی گنجائش ہے۔ اس جہاز نے اپنا پہلا سفر امریکی ریاست فلوریڈا میں میامی کے ساحل سے شروع کیا ہے۔

”آئیکون آف دی سیز“ میں 6 واٹر سلائڈز، 7 سوئمنگ پول، ایک آئس اسکیٹنگ رِنک، ایک تھیٹر اور 40 سے زائد ریستوراں، شراب کانے اور لاؤنجز ہیں۔

اس عظیم کروز شپ کا پہلا سفر سات دن کا ہے۔ یہ جہاز گزشتہ منگل کو عظیم فٹبالر لایونل میسی اور ان کے انٹر میامی ٹیم کے ساتھ دیگر ساتھیوں نے مل کر لانچ کیا تھا۔

اس جہاز کو چلانے کے لیے 6 ایسے انجن ہیں جو دہرے ایندھن والے ہیں۔ ایل این جی متبادل ایندھن ہے۔

انٹرنیشنل کاؤنسل فار کلین ٹرانسپورٹ میں میرین پروگرام کے ڈائریکٹر بریان کامر کا کہنا ہے کہ جہاز کو ایل این جی سے چلانے کا فیصلہ غلط ہے۔ اس سے ماحول کو نقصان پہنچے گا۔ میرین گیس آئل کے مقابلے میں 120 فیصد زائد نقصان دہ گیس خارج ہوگی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ماحول کو گرم کرنے کے حوالے سے میتھین گیس کا کردار کاربن ڈایوکسائڈ سے 80 گنا زیادہ ہے۔