ریما سے شادی کے بارے میں کبھی نہیں سوچا تھا، شان شاہد

پاکستانی فلموں کے سپرسٹؕارشان شاہد نے کہا ہے کہ اسکرین پر ریما خان اور اُن کی جوڑی کو بہت پسند کیا جاتا تھا تاہم انہوں نے ریماسے شادی کے بارے میں کبھی نہیں سوچا تھا کیونکہ ہم بہت اچھے دوست ہیں۔

شان شاہد نے حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کو خصوصی انٹرویو دیا جس میں میزبان نے ان سے سوال کیا کہ کیا آپ نے کبھی ریما خان سے شادی کے بارے میں سوچا تھا؟اس کے جواب میں شان شاہد نے کہا کہ میں نے کبھی بھی ایسا نہیں سوچا تھا، میں 16 سال کی عُمر میں پہلی بار ریما خان سے ملا تھا، ہم نے اپنے کیریئر کا آغازایک ساتھ فلم "بلندی" کے ذریعے کیا تھا، اُس وقت ہم دونوں ہی نوعمری میں تھے،آپ اتنی کم عُمر میں صرف نئے لوگوں سے ملتے ہیں، آپ دنیا کو تلاش کرتے ہیں، آپ کام پرتوجہ دیتے ہیں لیکن آپ شادی کے بارے میں نہیں سوچتے۔

پاکستان فلم انڈسٹری کے اکلوتے سپرسٹارنے کہا کہ شادی کے بارے میں سوچنے کے لیے ایک خاص عُمر ہوتی ہے اور میں نے ریما خان سے شادی کے بارے میں کبھی سوچا ہی نہیں تھا کیونکہ ہم بہت اچھے دوست ہیں،مداح ہمیں اسکرین پرساتھ دیکھتے ہیں تو وہ اپنے ذہنوں میں یہی بٹھا لیتے ہیں کہ یہ حقیقی دُنیا میں بھی ساتھ ہوں کیونکہ ہم اسکرین پر رومانس کرتے ہیں، ایک دوسرے سے محبت کا اظہار کرتے ہیں۔

شان شاہد نے  مزیدکہا کہ میں ریما خان کو پاکستان واپس آنے اور کام شروع کرنے کا پیغام دینا چاہتا ہوں، وہ اتنی دور کیوں چلی گئیں اورمجھے نہیں معلوم کہ ریما نے کیسے فیصلہ کیا کہ وہ اب ریٹائر ہو چکی ہیں، وہ ایک شاندار اداکارہ ہیں اور انہیں کام کرنا چاہیے،انہیں پاکستان واپس آنا چاہیے کیونکہ انڈسٹری کو اُن کی ضرورت ہے۔