ممبئی: بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے والے اور متعدد مشہور شخصیات کے قتل میں ملوث گینگسٹر لارنس بشنوئی پر اب ایک ویب سیریز بنائی جائے گی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جانی فائر فاکس فلم پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ بشنوئی گینگ کے جرائم کی کہانی کو جلد ٹی وی اسکرین پر پیش کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں پروڈکشن ہاؤس ’’لارنس ۔ ایک گینگسٹر اسٹوری‘‘ کے نام سے بشنوئی کی زندگی پر مبنی ویب سیریز ریلیز کرے گا۔
اطلاعات کے مطابق انڈین موشن پکچرز ایسوسی ایشن نے لارنس بشنوئی پر ویب سیریز کے ٹائٹل کو پہلے ہی منظوری دے دی ہے۔ اس ویب سیریز میں لارنس کے ایک عام نوجوان سے گینگسٹر بننے کے سفر کو پیش کیا جائے گا۔
پروڈکشن ہاؤس کے سربراہ امیت جانی اس سے پہلے بھی سچے واقعات پر مبنی پروجیکٹس پیش کرچکے ہیں۔ پروڈیوسر نے بتایا کہ ان کا مقصد ناظرین کو ڈرامائی اور زندگی کی سچی کہانی سے جوڑنا ہے۔