سیاسی مبصرین کا تجزیہ یہ ہے کہ روسی صدر نے یوکرین کے ساتھ جنگ کے تناظر میں یورپ اور امریکہ کے ساتھ اسرائیل کو بھی وارننگ دے دی ہے جو واضح طور پر تیسری عالمی جنگ کی طرف اشارہ ہے پاکستان کو چاہیے کہ وہ ابھی سے اس ضمن میں منصوبہ بندی کرے سیاسی مسائل سڑکوں کے بجائے پارلیمنٹ میں حل ہونا ضروری ہیں‘حکومت وقت نے چین روس اور وسطی ایشیا کی ریاستوں کے ساتھ بیک وقت قریبی تعلقات رکھنے اور ان میں مزید قربت لانے کے لئے جو کوشش جاری رکھی ہوئی ہے وہ وقت کا تقاضا ہے اور وطن عزیز کے دانشور حلقوں کی خواہشات کے عین مطابق ہے جواس ملک کے سابقہ حکمرانوں کی امریکہ نواز پالیسی سے سخت دل برداشتہ تھے کیونکہ ان کے نزدیک امریکہ کی اندھی تقلید سے پاکستان کو فائدے کے بجائے سخت نقصان ہوا ہے‘خداد خدا کرکے روس کے ساتھ پاکستان کے تعلقات اب کچھ عرصہ پہلے جا کر بہتر ہوئے ہیں‘چین کے ساتھ دیرینہ تعلقات میں وسعت کی کوشش اور وسطی ایشیا کی ریاستوں کے ساتھ تجارتی اور سیاسی تعلقات کے قیام سے وطن عزیز معاشی اور سیاسی طور پر مضبوط ہوگا۔بیجنگ کے وسط میں واقع ایک بہت بڑے ہال میں ماؤزے تنگ کی حنوط شدہ نعش شیشے کے شو کیس میں پڑی ہوئی ہے اور اس کی ایک جھلک دیکھنے کے واسطے روزانہ دنیا بھر سے چین کی سیاحت پر آئے ہوئے سیاحوں کا ایک تانتا بندھا رہتا ہے‘ سوال یہ پیدا ہوتا ہے آ خر کیوں‘ اس کا سادہ سا جواب یہ ہے کہ یہ شخص دنیا بھر کے غریب عوام کے لئے معاشی مساوات قائم کرنے کے لئے انقلابی تحریک چلانے کا ایک استعارہ تھا یہ اس غریب پرور لیڈر کا کارنامہ تھا کہ اس کی وضع کی گئی معاشی پالیسیوں کی بدولت گزشتہ چند سالوں میں کروڑوں چینی جو غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے تھے آج اس لکیر کے اوپر آ چکے ہیں۔
‘ماؤزے تنگ کی شخصیت سے متاثر ہو کر دنیا کے کئی ممالک میں معاشی مساوات کے حصول کے واسطے انقلابی تحریکوں نے جنم لیا ان کے خیالات سے متاثر ہو کر چین میں ان کے ہم نوا کامریڈوں کی ایک ایسی کھیپ پیداہوئی کہ جس نے چین کو آج دنیا کی ایک سپرپاور بنا دیا 1966ء میں پاکستان کے علما ء کا ایک وفد جب بیجنگ میں ان کے دفتر میں ملا تو وفد کے ایک ممبر نے ان سے کہا کہ آپ قرآن پاک بھی پڑھا کریں کہ جس پر وہ اپنی کرسی سے اٹھے اور اپنی شیشے کی الماری سے قرآن پاک کا چینی زبان میں ترجمہ شدہ نسخہ اٹھا کر اس وفد کے ممبران سے کہا کہ وہ اس کو نہ صرف پڑھتے ہیں بلکہ اس پر عمل کر نے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔