کراچی: سابق کپتان راشد لطیف نے کہا ہے کہ بھارت کی موجودہ کارکردگی دیکھ کر یہی لگتا ہے کہ اس بار چیمپئنز ٹرافی جیتنے کا سب سے زیادہ امکان بھارتی ٹیم کا ہے۔
راشد لطیف کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کا کمبی نیشن اور حالیہ فتوحات انہیں ایونٹ میں فیورٹ بناتی ہیں۔
دوسری جانب پاکستانی ٹیم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے راشد لطیف نے سلیکشن کمیٹی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سلیکٹرز میں پیشہ ورانہ سوچ کا فقدان ہے اور وہ دباؤ میں آکر فیصلے کر رہے ہیں۔
احمد شہزاد نے بھی اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی ٹیم اس وقت بہت متوازن اور مضبوط ہے، جبکہ پاکستانی ٹیم کے اعلان نے عوام اور میڈیا کو ایک بار پھر کنفیوژ کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جن کھلاڑیوں پر پہلے اعتراضات کیے گئے، انہی کو دوبارہ ٹیم میں شامل کر لیا گیا، جو عوام کے ساتھ مذاق ہے۔
سابق کرکٹر سکندر بخت نے بھی ٹیم سلیکشن پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ اسکواڈ حیران کن ہے اور یہ پاکستانی کرکٹ کے ساتھ ناانصافی ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی ٹیم نے آسٹریلیا کو 14 سال بعد کسی آئی سی سی ناک آؤٹ میچ میں شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں جگہ بنائی ہے۔