جان سینا نے ریسلنگ کا تاریخ ساز عالمی ریکارڈ بنالیا

معروف ریسلر اور اداکار جان سینا نے ریسلنگ میں ایک ایسا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے جسے برسوں تک توڑنا ممکن نہیں ہوگا۔

جان سینا جو 2025 میں ریسلنگ سے ریٹائرمنٹ کا ارادہ رکھتے ہیں، حالیہ ایلیمینیشن چیمبر میچ میں فتح کے بعد ریسل مینیا 41 میں کوڈی روڈز کا سامنا کریں گے۔

ایلیمینیشن چیمبر کے دوران انہوں نے ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ کا طویل ترین فیس (Face) سے ہیل (Heel) بننے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق جان سینا 7786 دنوں تک ڈبلیو ڈبلیو ای میں مثبت کردار میں رہے اور اس کے بعد ولن کا روپ دھار لیا، اس سے قبل یہ ریکارڈ ہلک ہوگن کے پاس تھا جو 5420 دنوں تک ہیرو ریسلر رہے۔

جان سینا کا یہ منفرد عالمی ریکارڈ برسوں تک قائم رہنے کا امکان ہے، تاہم یہ ان کا پہلا ریکارڈ نہیں۔

اس سے پہلے بھی وہ بیمار بچوں کی خواہشات پوری کرنے کے حوالے سے میک اے وش فاؤنڈیشن کے ساتھ سب سے زیادہ کام کرنے والے اسٹار کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔

جان سینا نے اب تک 650 سے زائد بچوں کی خواہشات پوری کیں اور اس حوالے سے بھی گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کیا۔