پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے آغاز سے قبل کراچی کنگز نے باقاعدہ طور پر اپنی نئی ٹیم کِٹ لانچ کر دی ہے۔ ٹیم کی کِٹ اس بار نیلے اور سرخ رنگوں کے خوبصورت امتزاج پر مشتمل ہے، جسے پاکستان کے فیشن برانڈ "دی پیس کلب" نے ڈیزائن کیا ہے۔ نئی کِٹ میں نیلا رنگ ٹیم کے وقار اور استقامت کو اجاگر کرتا ہے جبکہ سرخ رنگ کی جھلکیاں ٹیم کی قوت، حوصلے اور توانائی کی نمائندگی کرتی ہیں۔ شرٹ کے کٹ اور ڈیزائن میں پیس کلب کی طرف سے ایک سادہ مگر شاندار کلاسک ٹچ دیا گیا ہے جو جدید فیشن اور کھیل دونوں کو یکجا کرتا ہے۔ یہ کِٹ کھلاڑیوں کی کارکردگی میں مددگار ہونے کے ساتھ ساتھ شائقین کی توجہ کا مرکز بھی بن رہی ہے۔ ٹیم ذرائع کے مطابق، نئی کِٹ نہ صرف فیشن ایبل ہے بلکہ اسے کھلاڑیوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے تکنیکی طور پر بھی بہتر بنایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کراچی کنگز اپنا پہلا میچ 12 اپریل کو اپنے ہوم گراؤنڈ نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز کے خلاف کھیلے گی، جب کہ پی ایس ایل 10 کی باقاعدہ شروعات 11 اپریل سے ہو رہی ہیں۔

پی ایس ایل 10 کیلیے کراچی کنگز نے نئی کِٹ لانچ کردی