شاہ رخ خان نے اپنی زندگی کا ایک گہرا اور جذباتی راز مداحوں کے ساتھ شیئر کیا ہے۔
بالی وڈ کے بادشاہ، نے اپنی زندگی میں دنیا کے کئی ممالک کا سفر کیا ہے، لیکن ایک جگہ ہے جہاں وہ کبھی نہیں گئے، مقبوضہ کشمیر۔ اس کی وجہ ایک جذباتی وعدہ ہے جو انہوں نے اپنے والد سے کیا تھا۔
اس راز کا انکشاف انہوں نے حال ہی میں رئیلٹی شو ”کون بنے گا کروڑ پتی؟“ میں کیا۔
شاہ رخ خان نے بتایا کہ،’میری دادی کشمیر سے تعلق رکھتی تھیں اور کشمیر سے میرا رشتہ بہت گہرا ہے، میرے والد نے مجھ سے کہا تھا کہ زندگی میں 3 جگہیں ضرور دیکھنا استنبول، روم اور کشمیر، لیکن ساتھ یہ بھی کہا تھا کہ استنبول اور روم تو میرے بغیر دیکھ لینا مگر کشمیر میرے بغیر کبھی نہ جانا، میں تمہیں خود دکھاؤں گا۔‘
لیکن بدقسمتی سے، شاہ رخ خان کے والد کا انتقال جلد ہوگیا اور وہ یہ وعدہ پورا نہ کر سکے۔ شاہ رخ نے بتایا کہ ان کے دل میں یہ بات ہمیشہ رہی کہ کشمیر اپنے والد کے بغیر نہیں جانا۔
’اگرچہ میں دنیا بھر میں سفر کرتا رہا، دوستوں اور خاندان کے ساتھ چھٹیوں پر بھی گیا، مگر کشمیر جانے کا موقع کبھی نہ آیا۔ دل میں ہمیشہ وہ بات رہی کہ کشمیر میرے ابو کے بغیر نہیں دیکھنا۔‘ شاہ رخ یہ کہتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔
شاہ رخ نے یہ بھی بتایا کہ ایک دن یش چوپڑا نے انہیں کشمیر میں شوٹنگ کے لیے مدعو کیا۔ پہلے تو شاہ رخ نے انکار کر دیا، لیکن پھر سوچا کہ یش چوپڑا کے ساتھ کشمیر دیکھنے کا موقع شاید زندگی کا بہترین تجربہ ہو گا۔
انہوں نے اپنی اس زندگی کے منفرد تجربے کے بارے میں بتایا کہ جب وہ جہاز میں تھے اور کشمیر پہنچنے والے تھے، تو ایک روحانی اور خوشی کی کیفیات سے سرشار تھے، جسے وہ سمجھ نہیں پا رہے تھے۔ ان کے مطابق کشمیر جانا ان کی زندگی کا سب سے بہترین تجربہ تھا۔
شاہ رخ خان کا کشمیر نہ جانے کا فیصلہ ایک جذباتی اور ذاتی وعدے کی تکمیل ہے۔ اگرچہ انہوں نے کشمیر کا دورہ کیا، لیکن وہ اس وعدے کو نبھانے کے لیے کبھی وہاں تفریحی مقصد سے نہیں گئے۔