ہانیہ کی جگہ کوئی اور، ’سردار جی تھری‘ کی دوبارہ شوٹنگ

پہلگام میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے بعد پاک-بھارت تعلقات میں پیدا ہونے والی نئی کشیدگی کا اثر فن اور فنکاروں پر بھی پڑنے لگا ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی بالی وڈ ڈیبیو فلم سردار جی 3 سے علیحدگی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس نے دونوں ممالک کے مداحوں کو حیران اور افسردہ کر دیا ہے۔

اکتوبر 2024 میں لندن میں دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ کے دوران جب انہوں نے ہانیہ عامر کو اسٹیج پر مدعو کیا اور ان کے لیے گانا گایا، تو وہ لمحہ سرحد کے آرپار مداحوں کے لیے خوشی کا پیغام بن گیا۔

اس خوبصورت لمحے کے بعد یہ افواہیں گردش میں آئیں کہ ہانیہ، دلجیت کے ساتھ ان کی نئی فلم سردار جی 3 میں جلوہ گر ہوں گی، جس کی تصدیق معروف اداکار ناصر چنیوٹی نے بھی کی تھی۔

تاہم، 22 اپریل کو کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے نتیجے میں 26 افراد کی ہلاکت کے بعد سیاسی تناؤ میں اضافہ ہوا، اور اس کے اثرات فلم انڈسٹری پر بھی پڑنے لگے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، سردار جی 3 کی ٹیم اب ہانیہ عامر کی جگہ کسی بھارتی اداکارہ کو کاسٹ کر کے ان کے مناظر دوبارہ شوٹ کرنے پر غور کر رہی ہے۔

یہ خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر طوفان برپا ہو گیا۔ ایک طرف بھارتی صارفین طنزیہ تبصرے کر رہے ہیں، تو دوسری جانب پاکستانی مداح شدید مایوسی کا شکار ہیں۔

ایک صارف نے لکھا: ”فن کو سیاست کی بھینٹ چڑھانا کہاں کا انصاف ہے؟“ جب کہ ایک اور مداح نے کہا: ”دہشتگرد حملہ کسی اور نے کیا، سزا فنکاروں کو کیوں دی جا رہی ہے؟“

اگرچہ فلم کے ہدایت کار یا پروڈیوسر کی جانب سے اس بارے میں تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم قیاس آرائیاں زوروں پر ہیں کہ فلمساز دباؤ یا تنازع سے بچنے کے لیے ہانیہ کی جگہ کسی اور چہرے کو کاسٹ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

دوسری جانب ہانیہ عامر نے پہلگام حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسٹاگرام پر لکھا،

”کہیں بھی ہونے والا سانحہ ہم سب کے لیے دکھ کا باعث ہوتا ہے۔ میرا دل ان معصوم جانوں کے ساتھ ہے جنہوں نے اپنی زندگیاں کھو دیں۔ دکھ اور امید میں ہم سب ایک ہیں۔“

یاد رہے کہ ہانیہ عامر پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کا ایک نمایاں چہرہ ہیں اور ان کا بالی وڈ میں ڈیبیو ان کے مداحوں کے لیے بڑی خوشخبری تصور کیا جا رہا تھا۔ اب یہ دیکھنا باقی ہے کہ آیا وہ سردار جی 3 کا حصہ رہیں گی یا واقعی یہ موقع ان کے ہاتھ سے نکل جائے گا۔