پہلگام فالس فلیگ آپریشن پر نادیہ خان کا دوٹوک بیان

کراچی: معروف پاکستانی اداکارہ اور میزبان نادیہ خان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے پہلگام فالس فلیگ آپریشن پر سخت تنقید کی ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں نادیہ خان نے یہ سوال اٹھایا کہ بھارت واقعے کے صرف پانچ منٹ بعد ہی کیسے یہ دعویٰ کر سکتا ہے کہ یہ پاکستان کا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اپنے مقاصد کے لیے اپنے ہی لوگوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور بغیر کسی تحقیق کے پاکستان پر الزام لگا رہی ہے۔

نادیہ خان کے مطابق، بھارت اس فالس فلیگ آپریشن کو پاکستان کا پانی بند کرنے کے جواز کے طور پر پیش کر رہا ہے، لیکن اب بھارتی عوام بھی سوالات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے ماضی کے واقعات جیسے سمجھوتہ ایکسپریس اور ممبئی حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایسے حملے اُس وقت کرتا ہے جب کوئی اہم عالمی وفد بھارت میں موجود ہو۔

نادیہ خان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر خوب سراہا جا رہا ہے، جہاں مداح ان کی حب الوطنی اور سچ بولنے کی جرات کی تعریف کر رہے ہیں۔