نیرنگی سیاست

 گڈ گورننس کے لیے ڈنڈے اور گاجر کے استعمال کا ایک حسین امتزاج لازمی ہوتا ہے ایک عرصے سے ہم دیکھ رہے ہیں کہ ریاستی حکام سماج دشمن عناصر کے خلاف ڈنڈے کا استعمال کماحقہ نہیں کر رہے، تجزیہ کاروں کے نزدیک گو کہ اس وقت ملک کو بے شمار اندرونی اور بیرونی مسائل کا سامنا ہے پر اندرونی مسائل میں ایک بڑا مسئلہ حکومت کی رٹ کا ہے کہ جو نہ ہونے کے برابر ہے کوئی بھی طبقہ حکومت کی کسی بات کو ماننے کے لئے تیار نہیں اور دس میں سے نو جگہوں پر حکومت پریشر گروپس کے آگے لیٹ جاتی ہے اس کے تلوں میں تیل نہیں کہ وہ اپنی کوئی جائز بات بھی منوا سکے اشیائے خوردنی کی قیمتیں ہوں کہ ادویات کی ملک کی معیشت کو دستاویزی بنانے کی بات ہو یا حصہ بقدر جثہ ویلتھ ٹیکس کی ریکوری کا کوئی پروگرام ہو ٹریفک کے قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرانے کا کوئی منصوبہ ہو یا کوئی اور فلاحی سکیم حکومت نے پیپر ورک تو کافی کیا ہوتا ہے پر گراو¿نڈ پر اپنے منصوبوں پر وہ عملدرآمد کرانے میں ناکام نظر آرہی ہے معاشرے کے بااثر طبقے اپنے سیاسی اثرورسوخ اور یونین بازی سے حکومتی قوانین کو ہوا میں اڑا دیتے ہیں اور ان کے سامنے حکومتی کارندے لاچار اور بے بس نظر آتے ہیں یہ بات بھلا کس سے سے ڈھکی چھپی ہے کہ اس ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والے اور اس میں پاکستان دشمن ممالک کی شہ پر انتشار پیدا کرنے والے بعض سیاسی زعماءایک عرصے سے بیرون ملک تشریف فرما ہیں حکومت کی بے بسی کا عالم یہ ہے کہ زبانی جمع خرچ تو وہ گزشتہ دو برسوں سے کر رہی ہے کہ ان ڈاکوو¿ں کو وہ واپس ملک لاکر ان پر عدالتوں میں مقدمے چلائے گی پر عملی طور پر اس سمت میں کوئی کام نظر نہیں آرہابادی النظر میں اس ملک کا سیاسی تندور دھیرے دھیرے گرم کیا جا رہا ہے۔

 اب دیکھتے ہیں کہ اس میں روٹیاں کب پکنا شروع ہونگی خدا لگتی تو یہ ہے کہ اس ملک کا عام آدمی سرِ دست ایوان اقتدار میں فوری تبدیلی نہیں چاہتا اور اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ اس کے پاس آپشنز ز بہت کم ہیں پرانے گھاگ سیاستدانوں کی ایک اکثریت کو وہ ایوان اقتدار میں ایک سے زیادہ مرتبہ آزما چکا ہے اور ان کی کارکردگی سے وہ بالکل مطمئن نہیں تھااس کے نزدیک آزمائے ہوئے کو دوبارہ آزمانہ جہالت ہو گی اور یہ بات اپنے پاو¿ں پر خود کلہاڑی مارنے کے مترادف ہوگی اس کے پاس بجز اس کے کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے کہ وہ موجودہ حکمرانوں کو ایوان اقتدار میں اپنا باقی ماندہ وقت پورا کرنے دے ویسے بھی آدھے رستے میں گھوڑے تبدیل کرنا کوئی دانشمندی کی بات نہیں ہوتی اسے اس بات کا بھی احساس ہے کے بعض قدرتی آفات جیساکہ کرو نا وائرس ٹڈی دل کے حملے اور سیلابوں نے بھی موجودہ حکومت کے ترقیاتی کاموں میں خلل ڈالا ہے اور اس کو ورثے میں جو زبوں حال معیشت ملی تھی اسے مزید زک پہنچائی ہے اگلے الیکشن کے بارے میں البتہ سر دست کوئی پیش گوئی کرنا قبل از وقت ہوگا عین ممکن ہے کہ آئندہ دو تین برسوں میں اس ملک میں کوئی نئی سیاسی پارٹی جنم لے لے اور قوم کے سامنے ایسا فلاحی پروگرام رکھے کہ جس میں ان تمام مسائل کا حل موجود ہو کہ جو وطن عزیز کو آج درپیش ہیں تو ہو سکتا ہے وقت کی مناسبت سے اس ملک کے ووٹرز اس کی طرف راغب ہو جائیں پر اس بات کا امکان اس وقت پیدا ہو گا اگر موجودہ حکومت نے ایوان اقتدار میں اپنے باقی ماندہ عرصے میں اپنے ان پروگراموں کو عملی جامہ نہ پہنا یا کہ جن کا اس نے قوم سے وعدہ کیا تھا ۔