جو بھی خبر آتی ہے وہ اچھی خبر نہیں ہوتی آج بھی کچھ یہی عالم ہے،سب سے پہلے ایک اچھی خبر کا تذکرہ کرتے ہیں۔ جہاں وفاقی کابینہ نے ادویات کی قیمتوں میں 30 فیصد تک کمی کی منظوری دے دی۔ترجمان وزارت صحت کے بیان کے مطابق وفاقی کابینہ نے 20 ادویات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دیدی۔ زیادہ ترادویات کی قیمتوں میں 30 فیصد کمی ہوئی ہے۔وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ بلڈ پریشر، کینسر اور آنکھوں کی بیماریوں میں استعمال ہونے والی ادویات کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔ مختلف بیماریوں میں استعمال ہونے والی ادویات کی قیمتوں میں کمی لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کی جانب ایک اور قدم ہے۔وفاقی وزیرصحت کا مزید کہنا تھا کہ 54 نئی ادویات کی قیمتیں مقرر کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ یہ نئی ادویات کینسر اور مختلف بیماریوں میں استعمال
ہوں گی۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ڈریپ میں میرٹ اور شفافیت کے نظام کو فروغ دینے کیلئے پر عزم ہیں۔عوام کی فلاح وبہبود کیلئے معیاری ادویات کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ عالمی معیشت کیلئے بری خبر یہ ہے کہ IMF نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، سال رواں میں عالمی معیشت کا بڑا حصہ مہنگائی کے طوفان کا شکار ہوگا، شرح نمو میں کمی سے دنیا کی بڑی آبادی کساد بازاری کے منفی اثرات محسوس کرے گی۔ یوکرین جنگ نے بھی عالمی معیشت
کو بری طرح متاثر کیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ چین میں کورونا وباء کے اثرات بھی سامنے آئیں گے۔اگلے روز درہ آدم خیل میں وین اور ٹرک میں تصادم سے ایک ہی خاندان کے 8 افراد جاں بحق ہونیسے ایک مرتبہ پر یہ بات اہمیت کی حامل ہو گئی ہے کہ ہماری روڈ ٹریفک کے نظام میں انقلابی اصلاحات کرنے کی کس قدر ضرورت ہے۔ یہ بات تو طے ہے کہ ہمارے ہاں سڑکوں پر جو ٹریفک کے حادثات ہو رہے ہیں ان کی وجوہات میں سے ایک تو یہ ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس جاری کرتے وقت مناسب احتیاط نہیں بھرتی جا رہی۔ اس کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کی فنٹس کے حوالے سے بھی سخت قوانین کو لاگو کرنے کی ضرورت ہے‘ جس طرح کہ کھیلوں کے شعبے میں وقت کے ساتھ نئی تبدیلیاں
لائی گئی ہیں۔ایک وقت تھا کہ تیز رفتار باؤلرز کے سامنے کھڑے ہو کر بلے بازی کرنے والے بغیر ہیلمٹ کے ہوتے جبکہ اب بلے بازوں کیلئے ہیلمٹ پہننا اتنا ہی ضروری ہے کہ جتنا موٹر سائیکل چلانے والوں کیلئے۔ 1962ء تک بلے باز ہیلمٹ نہیں پہنا کرتے تھے حالانکہ اس دور میں بھی کافی تیز رفتار باؤلرز موجود تھے۔یہ 1962ء کی بات ہے، ہندوستان کی کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کا دورہ کر رہی تھی۔ بار بوڈس کے مقام پر ٹیسٹ میچ میں بال بھارتی اوپننگ بیٹسمین ناری کنٹریکٹر کے سر پر لگی وہ گر پڑے انہیں فوراًہسپتال پہنچایا گیا جہاں ہنگامی طور پر ان کے سر کا آپریشن کیا گیا وہ مرنے سے تو بچ گئے پر اس واقعے کے بعد ان کا کرکٹنگ کیرئیر ختم ہو گیا۔ اس سانحے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بیٹنگ کرتے وقت بلے بازوں پر لازم کر دیا کہ وہ بغیرہیلمٹ کے بیٹنگ نہیں کریں گے۔