سازگار ماحول کیلئے شرائط

وزیراعظم شہباز شریف سرمایہ کاری کیلئے شرائط میں امن وامان کی صورتحال کا بہتر ہونا لازمی قرار دیتے ہیں وزیراعظم کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاری دہشت گردی کے خاتمے تک ممکن نہیں ہے وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ روز ہونے والے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کاکہنا تھا کہ ملک میں معاشی اشاریے مثبت ہیں اقتصادی شعبے کے استحکام کیلئے وہ اور آرمی چیف دوست ممالک کے پاس گئے کابینہ اجلاس میں وزیراعظم نے ملکی برآمدات کاحجم 60ارب ڈالر تک بڑھانے کا عزم بھی ظاہر کیا اس میں کوئی دوسری رائے نہیں کہ کسی بھی ریاست میں سرمایہ کاری کا والیوم اس صورت بڑھتا ہے جب اس کیلئے گراؤنڈ پر حالات پوری طرح سازگار ہوں وطن عزیز میں امن وامان کی صورتحال خصوصاً خیبر پختونخوا میں چیلنج کی صورت چلی آرہی ہے ایسے میں انوسمنٹ کیلئے سکیورٹی صورتحال بہتر بنانا یقیناً ناگزیر ہے اس کے ساتھ مدنظر یہ بھی رکھنا ہوگا کہ سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول میں دیگر عوامل کیساتھ سیاسی استحکام بھی ضروری ہے وطن عزیز میں سیاست کا میدان طویل عرصے سے گرما گرمی کاشکار چلا آرہا ہے سیاسی منظر نامے میں جاری کشمکش اور ایک د وسرے کے خلاف الفاظ کی گولہ باری کیساتھ پاور شوز کا سلسلہ بھی رہا ہے اس دوران حکومتیں تبدیل بھی ہوئیں تاہم تناؤ کبھی ایک تو کبھی دوسرے ایشو پر جاری ہی رہا سرمایہ کاری کیلئے شرائط میں یہ بھی شامل ہے کہ سیاسی استحکام یقینی ہو اس مقصد کیلئے کم از کم اہم قومی امور اور پالیسی سازی میں مل بیٹھ کر حکمت عملی ترتیب دینا ہوگی مدنظر رکھنا ہوگا کہ طویل المدتی اقتصادی حکمت عملی اس انداز میں محفوظ بنانا ضروری ہے کہ یہ حکومتوں کی تبدیلی سے متاثر نہ ہونے پائے جمہوری نظام میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اختلاف رائے معمول کا حصہ ہے تاہم اہم قومی امور متقاضی رہتے ہیں کہ ان پر حکمت عملی کی ترتیب میں ایک دوسرے کا موقف سنتے ہوئے آگے بڑھا جائے سرمایہ کاری کیلئے  درکار ماحول میں توانائی بحران کا خاتمہ بھی ضروری ہے کہ جو اس وقت پریشان کن صورت اختیار کئے ہوئے ہے اس بحران اور یوٹیلٹی بلوں میں قرضے دینے والوں کی شرائط پر عملدرآمد نے مجموعی طور پر پیداواری لاگت بڑھا دی ہے جس کے باعث عالمی مارکیٹ میں مسابقت مشکل ہے اس سب کیساتھ انویسٹر کو مرکز اور صوبوں کی سطح پر قائم دفاتر میں سہولیات ملنا ضروری ہیں کہ جن کیلئے لوگ مہینوں ان دفاتر کا چکر کاٹنے پر مجبور ہوتے ہیں۔