ٹورنامنٹ کا بہترین بولر بننا چاہتا ہوں: حسن علی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 میں کراچی کنگز کا حصہ بننے والے فاسٹ بولر حسن علی کا کہنا ہے کہ اگرچہ ان کی خواہش ٹورنامنٹ کے بہترین بولر بننے کی ہے، لیکن اصل ہدف ٹیم کو چیمپیئن بنانا ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں حسن علی نے کہا کہ وہ اپنی حالیہ کارکردگی سے مطمئن ہیں، این سی اے میں سخت محنت کی اور اس کا پھل اب نیشنل ٹی ٹوئنٹی اور پی ایس ایل میں مل رہا ہے۔ اپنی فٹنس، ڈائٹ اور انجریز پر خاص توجہ دی ہے لیکن "روٹی گینگ" کا حصہ اب بھی برقرار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل نے ان کے کیریئر کو نئی جہت دی، اور انٹرنیشنل کرکٹ میں جانے کی راہ ہموار کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے ٹاپ پلیئرز کے ساتھ کھیل کر بہت کچھ سیکھا۔

حسن علی نے مستقبل کے عزائم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دوبارہ قومی ٹیم کا حصہ بننا چاہتے ہیں اور پرفارمنس ہی ان کی اصل ترجیح ہے۔ اگر کپتانی کا موقع ملا تو اسے قبول کریں گے۔