ریسلنگ کی دنیا میں ایک تاریخی لمحہ اُس وقت آیا جب جان سینا نے ریسل مینیا 41 کی دوسری رات میں کوڈی روڈز کو شکست دے کر ریکارڈ 17ویں بار ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ رک فلیئر اور جان سینا کے درمیان برابر تھا، دونوں 16 مرتبہ چیمپئن بن چکے تھے۔ مگر اب جان سینا واحد ریسلر ہیں جنہوں نے 17 بار یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔
اس جیت کے ساتھ ہی جان سینا نے ایک اور منفرد کارنامہ انجام دیا — 2003 کے بعد پہلی بار وہ ہیرو سے ولن (Heel) بنے، اور وہ بھی ایک ڈرامائی موڑ پر، جب ایلیمینیشن چیمبر میچ میں کوڈی روڈز پر حملہ کر کے دی راک کے ساتھی بن گئے۔
2003 سے لے کر 2024 تک جان سینا مسلسل 7786 دنوں تک ڈبلیو ڈبلیو ای میں مثبت کردار ادا کرتے رہے، جس پر انہیں گنیز ورلڈ ریکارڈ میں بھی شامل کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق، جان سینا 2025 میں ریسلنگ کو خیرباد کہنے کا ارادہ رکھتے ہیں، اور یہ چیمپئن شپ ان کے شاندار کیریئر کی آخری بڑی فتح ہو سکتی ہے۔