پی ایس ایل 10 کیلئے اسٹیڈیمز کے اطراف انٹیلی جنس آپریشنز کا فیصلہ

پاکستان سپر لیگ 2025 کے دوران پولیس نے سیکیورٹی اور ٹریفک کے انتظامات کے لیے ایک مکمل منصوبہ تیار کر لیا ہے۔

لاہور میں 13 میچز کے لیے 8 ہزار سے زیادہ افسران اور اہلکار تعینات کیے جائیں گے، جبکہ راولپنڈی میں 11 میچز کے لیے 5 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار اپنی ڈیوٹی انجام دیں گے۔

ملتان میں بھی 8 ہزار افسران سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ آئی جی نے ہدایت کی ہے کہ اسٹیڈیمز کے اردگرد انٹیلیجنس آپریشنز کیے جائیں اور ٹریفک کی روانی کو متاثر نہ ہونے دیا جائے۔

راولپنڈی میں فول پروف سیکیورٹی کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، جن میں 5 ہزار سے زیادہ پولیس اہلکار اور 367 ٹریفک اہلکار شامل ہیں۔ سیکیورٹی کی سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کنٹرول روم کے ذریعے کی جائے گی۔ ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس اور تھانوں کی موبائل ٹیمیں گشت کریں گی۔

ٹیموں کی حفاظت کے لیے روٹس پر سخت سیکیورٹی اور چھتوں پر سنائپرز تعینات کیے گئے ہیں۔ شائقین کو واک تھرو گیٹ اور مکمل چیکنگ کے بعد اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

تمام سینئر افسران فیلڈ میں موجود رہیں گے تاکہ عملے کی نگرانی کی جا سکے۔ پاک فوج، رینجرز اور دیگر اداروں کے تعاون سے مکمل سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے اور خوشگوار ماحول بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔