پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کا آغاز ہونے ہی والا ہے، مگر پشاور زلمی کو ایک بری خبر کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ٹیم کے کپتان بابراعظم پریکٹس سیشن کے دوران انجری کا شکار ہوگئے۔
یہ واقعہ اسلام آباد میں تربیتی سیشن کے دوران پیش آیا جہاں بابراعظم کو گیند ان کے پاؤں پر لگی۔ واقعے کے بعد انہیں لنگڑاتے ہوئے ڈریسنگ روم کی طرف جاتے دیکھا گیا، اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔
فرنچائز کی جانب سے ابھی تک بابراعظم کی چوٹ پر کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم قیاس آرائیاں ہیں کہ وہ پی ایس ایل کے ابتدائی میچز میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
دوسری طرف، نوجوان اوپنر صائم ایوب جو کہ ٹخنے کی انجری کے سبب چیمپئنز ٹرافی اور دورہ نیوزی لینڈ سے باہر ہو گئے تھے، اب مکمل طور پر صحتیاب ہو چکے ہیں اور ٹیم کے ساتھ ٹریننگ میں حصہ لے رہے ہیں۔