حکومت مرکز میں ہویا کسی بھی صوبے میں‘ اس کے عوامی فلاح و بہبود کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات اسی وقت ثمر آور ثابت ہوتے ہیں جب عوام کو برسرزمین عملی طور پر ریلیف کا احساس ہو‘جہاں تک سرکاری دفاتر کا طریقہ چلا آرہا ہے اس میں ہمیشہ خوش کن اعدادوشمار کیساتھ سب اچھا ہے کی رپورٹس پیش کردی جاتی ہیں‘ اس کے ساتھ حکومتی اعلانات و اقدامات کے عملی نتائج برسرزمین دکھائی دینے پر طویل وقت بھی صرف ہوتا ہے ‘اس وقفے میں ترقیاتی منصوبوں کے کیس میں تو لاگت بھی کئی کئی گنا بڑھ جاتی ہے‘ وطن عزیز کے عرصے سے شدید تناﺅ اور گرماگرمی کے شکار سیاسی منظرنامے میں عوام کی مشکلات اور درپیش مسائل کا گراف مسلسل بڑھتا چلا جا رہا ہے‘ اس سے ہٹ کر کہ ائرکنڈیشنڈ کمروں میں ملٹی میڈیا پر دی جانے والی بریفنگ میں کیا اعدادو شمار پیش کئے جاتے ہیں ‘اگر برسرزمین صورتحال کا جائزہ لیاجائے تو وہ روز بروز تشویشناک ہوتی چلی جارہی ہے‘ میونسپل سروسز کا فقدان بنیادی شہری مسائل کاگراف بڑھا رہا ہے‘ صفائی کی حالت ابتر ہے ‘نکاسی آب کی صورتحال تشویشناک حد تک پہنچ چکی ہے‘ نالیاں ابلنا اور گٹروں کے پانی سے بازاروں کا جوہڑوں میں تبدیل ہوجانا معمول بن چکاہے ‘ان ہی سیوریج لائنوں سے پینے کے پانی کی پائپ لائنیں گزرتے ہوئے بوسیدہ اور زنگ آلود ہونے کے باعث بیماریاں بانٹ رہی ہیں‘ ڈینگی کے وسیع پیمانے پر پھیلاﺅ کے باوجود صفائی کی صورتحال بہتر بنانے اور سپرے کا انتظام ضرورت کے مطابق دکھائی نہیں دے رہا‘ پلاسٹک شاپنگ بیگز پر پابندی کے باوجود سیوریج کا پورا انفراسٹرکچر ان بیگز کے باعث بلاک ہے‘ سرکاری علاج گاہوں میں اصلاح احوال کیلئے درجنوں اعلانات و اقدامات اپنی جگہ‘ کثیر فنڈز کا اجراءبھی حقیقت ہے اس کے ساتھ بڑی علاج گاہوں سے خوش کن اعدادو شمار پر مشتمل رپورٹس بھی ریکارڈ پر ہیں کہ جن میں بتایا جاتا ہے کہ اس ماہ اتنی بڑی تعداد میں مریضوں کو سروسز فراہم کی گئیں اس سب کیساتھ حقیقت یہ بھی ہے کہ عام شہری ان خدمات سے اکثر ہسپتالوں میں مطمئن نہیں ‘یہ شہری اثاثے فروخت کرکے پرائیویٹ کلینک اور ہسپتالوں میں علاج کیلئے جانے پر مجبور ہوتا ہے ‘یہی شہری مشکلات کے باوجود اپنے بچوں کو دو کمروں کے سہی نجی سکول میں داخلہ دلوانے پر مجبور ہے‘ اسے مارکیٹ میں مصنوعی گرانی ملاوٹ اور ذخیرہ اندوزی کے باعث بھی مشکلات ہیں‘ اصلاح احوال کا تقاضہ برسرزمین حالات کو مدنظر رکھنا اور ٹھوس حکمت عملی کے ساتھ ثمر آورنتائج کی حامل پلاننگ ہے۔