قطعی انکار کی قیمت

وفاقی حکومت نے الیکشن اصلاحات پر جارحانہ رویہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اسکے ساتھ ہی نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورہ پاکستان منسوخ ہونے پر سخت کاروائی کا عندیہ بھی دیا ہے کابینہ اجلاس کے فیصلوں سے متعلق ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بریفنگ میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہمیں انتخابی اصلاحات کو آگے بڑھانا ہے اسکے ساتھ سمندرپار مقیم پاکستانیوں کو ان کا حق دلائینگے‘ وہ ساتویں مردم شماری میں پہلی مرتبہ ٹیکنالوجی کے استعمال کا عندیہ دینے کے ساتھ یہ بھی کہتے ہیں کہ مردم شماری کا کام18 ماہ میں مکمل ہوگا حکومت کے اہداف کے مطابق ملک میں آئندہ انتخابات نئی حلقہ  بندیوں اور مردم شماری کے تحت ہونگے کابینہ اجلاس کے فیصلوں کی تفصیل کے ساتھ وزیراطلاعات و نشریات نے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے دورے کی منسوخی سے متعلق کہا کہ ایبسلوٹلی ناٹ کی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے وزیراطلاعات یہ بھی کہتے ہیں کہ پاکستان نے اگر سراونچا رکھنا ہے اور ایبسلوٹلی ناٹ کہنا ہے تو پھر قیمت تو ادا کرنا پڑے گی اس میں کوئی دوسری رائے نہیں کہ پاکستان کے خلاف بین الاقوامی لابی معروف عمل ہے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے دوروں کی منسوخی کے حوالے سے بیرونی سازش بے نقاب کرنے کا فیصلہ بھی کرلیاگیا ہے اس سلسلے میں نیوزی لینڈ کی حکومت کو احتجاجی مراسلہ بھی بھجوا دیاگیا ہے اسکے ساتھ ہی تھریٹ الرٹ سے آگاہ کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے اس طرح کرکٹ میچوں کے منسوخ ہونے سے پاکستان میں کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ہر طرح سکیورٹی کی یقین دہانی کرائی جبکہ حکومت نے بس کی بجائے ٹیم کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے سٹیڈیم پہنچانے کی پیشکش بھی کی پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے ہمیشہ کوشاں رہا ہے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا یہ کہنا ہے کہ ملک کے خلاف ہر دور میں سازشیں ہوتی رہیں اور پاکستان ہر بار نئی طاقت کیساتھ ابھرا ہے وقت آگیا ہے کہ دنیا پاکستان کے واضح اور شفاف موقف کو بھرپور سپورٹ دے اور پاکستان مخالف لابی کو اب شٹ اپ کال دے۔
پشاور میں نئے منصوبوں کا افتتاح
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے گزشتہ روز حیات آباد پولیس سٹیشن میں آسان انصاف مراکز کا افتتاح کیا وزیر اعلیٰ نے ورکرز ویلفیئر بورڈ کے دفتر کی نئی عمارت اور ناصر باغ روڈ کا افتتاح بھی کیا اس سب کیساتھ اسلامیہ کالج پشاور میں ہاکی کیلئے بچھائی گئی آسٹروٹرف کا بھی افتتاح ہوا آسان انصاف مراکز سے متعلق مہیا تفصیلات کے مطابق یہ سنٹر ابتدائی طور پر صوبائی صدر مقام کے پانچ تھانوں میں قائم ہونگے دوسرے فیز میں مراکز کی تعداد  پندرہ ہو جائیگی جبکہ اگلے مرحلے میں اس منصوبے کو صوبے کے دیگر اضلاع تک توسیع دے دی جائیگی آسان انصاف مراکز کے قیام کی غرض و غایت تو عوام کیلئے ریلیف ہے اس سے پولیس اور کمیونٹی کے درمیان فاصلے کم بھی ہوسکتے ہیں تاہم منصوبہ کسی بھی شعبے میں ہو اسکے ثمر آور نتائج عملدرآمد کیلئے مکینزم سے جڑے ہوتے ہیں اس مقصد کیلئے کڑی نگرانی کا انتظام بھی ضروری ہے جس کیلئے موقع پر اعلیٰ حکام کا اچانک دورہ کرکے جائزہ لینا شامل ہے۔